امریکہ بھر سے ہزاروں افراد غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور مبینہ جنگی جرائم کے خلاف واشنگٹن ڈی سی کے لنکن میموریل پر فلسطین کے لیے قومی مارچ میں شریک ہوئے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو مقررین نے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف جارحیت اور امتیازی سلوک اور غزہ میں اپنی حالیہ جنگ کے دوران ’جنگی جرائم‘ کے ارتکاب پر پابندی عائد کرے۔
مزید پڑھیں
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حالیہ جنگ میں کم از کم 254 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں جن میں 66 بچے اور 39 خواتین شامل تھے۔ زخمیوں کی تعداد 1910 ہے جبکہ اسرائیل میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
مارچ کے اہم منتظمین میں سے ایک امریکن مسلم فار فلسطین (اے ایم پی) نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس نے ’اسرائیل پر پابندی‘ کے نام سے ایک نچلی سطح کی عوامی مہم تیار کی ہے جس کا مقصد امریکی حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی علاقوں پر قبضے پر تل ابیب کو جوابدہ بنائے۔
مارچ کے حوالے سے اے ایم پی کے ایگزیگٹو ڈائریکٹر اسامہ ابورشید کا کہنا تھا کہ ’ملک بھر سے لاکھوں امریکی یہ کہتے ہوئے شامل ہو رہے ہیں کہ اس بدصورت، غیراخلاقی اور غیر قانونی حیثیت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔‘

مارچ میں ہر نسل اور مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)