فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، ’85 افراد سوار تھے‘

اتوار 4 جولائی 2021 8:35

فلپائن کی فوج کے بیان کے مطابق ملبے سے 15 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

فلپائن کی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 85 افراد سوار تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنرل سیریلیتو سوبیجانا نے بتایا کہ سی 130 طیارے کے جلتے ہوئے ملبے سے اب تک 40 افراد کو نکال کر بچا لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ان کے مطابق طیارہ سولو صوبے کے جولو جزیرے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔
جنرل سوبیجانا نے بتایا کہ ’ریسکیو سروس اس وقت طیارے کے ملبے کے قریب ہے اور ہم دعا کر رہے ہیں کہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ طیارہ فوجی جوانوں کو لے کر جا رہا تھا اور اترتے وقت رن وے سے دور ہو گیا۔ جنرل سوبیجانا کے مطابق طیارے نے دوبارہ اوپر اٹھنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوا۔
اے ایف پی کے مطابق فوجی طیارے میں سوار زیادہ تر مسافر حال ہی میں بنیادی ملٹری ٹریننگ سے پاس آؤٹ ہوئے تھے اور ان کو فلپائن کی مسلمان اکثریتی آبادی والے علاقے میں انسداد دہشت گری کی مشترکہ ٹاسک فورس میں بھیجا جا رہا تھا۔
فلپائن کے جنوبی علاقے میں فوج کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جہاں عسکریت پسند گروپ سرگرم ہیں جن میں اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث ابوسیاف بھی شامل ہے۔