فیصل آباد اورکوئٹہ کافضائی آپریشن متاثر نہیں ہوگا،پی آئی اے

PIA-AFP-1

فوٹو: اے ایف پی

قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا فیصل آباد اور کوئٹہ کا فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوگا۔

این سی او سی کے جاری کردہ اعلامیہ پر پی آئی اے نے فلائٹ آپریشن کی وضاحت جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کا دوسرے ملکی علاقوں سے رابطہ عید کے دنوں میں بھی بحال رہے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق این سی او کی کی ہدایت پر مجموعی طور پر پروازوں میں 20فیصد کمی کی ہے۔

واضح رہے کہ کرونا کیسز میں اضافے کے سبب دو روز قبل یکم مئی کو پاکستان نے اندرون ملک فلائٹ آپریشن محدود کردیا تھا۔

سول ایوی ایشن نے ڈومیسٹک پروازوں میں 40 فیصد کمی کے ساتھ نیا شیڈول جاری کیا۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق پی آئی اے کو ہفتے میں کراچی 29، لاہور کیلئے 55 پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ اسلام آباد کیلئے 76، پشاور کیلئے 41 پروازیں چلیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کرونا وائرس کی نئی لہر کے باعث کوئٹہ اور فیصل آباد کیلئے پی آئی اے کی کوئی پرواز نہیں چلے گی۔

اس سے قبل حکومت نے بیرون ملک سے آنیوالی پروازیں بھی 20 فیصد تک محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔