پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف ایک سٹیٹسمین ہیں، اور وہ گارنٹی دیتے ہیں کہ وہ نیشن بلڈنگ کے لیے راضی ہوں گے۔
’اگر ہم ایک ریکنسیلیشن اور نیا عمرانی معاہدہ کریں، فری اینڈ فیئر الیکشن ہو اور تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، تو تمام متعقلہ اداروں کے ساتھ مل کر ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے روڈ میپ طے کر سکتے ہیں۔ اور نواز شریف اس کے لیے تیار ہوں گے۔‘
دنیا نیوز پر کامران خان کو انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پاکستان کو درپیش چیلینجز کے حوالے سے ہمیں اپنی انا سے اوپر اٹھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ اگر ہم نے پاکستان کو صیحح معنوں میں سوشل ویلفیرسٹیٹ بنانا ہے تو ہمیں تنظیم اور اتحاد کو اپنا اوڑھنا بچھوڑنا بنانا ہوگا۔
مزید پڑھیں
حکومت کے ساتھ مفاہمت کے سوال پر کہا کہ یہ سلیکٹڈ گورنمنٹ ہے اور بڑے پیمانے پر دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے۔ اس ملک میں ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی اور نواز شریف کو جلاوطن کیا گیا۔ نوازشریف نے پاکستان کے مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے خود کہا ہے کہ نواز شریف نے بڑی عزت دی اور ڈیفینس کے حوالے سے کسی بات کا انکار نہیں کیا۔
’ہم انسان ہیں اور انسانوں کا انسانوں سے واسطہ پڑتا ہے گھرکے اندر بھی برتن آپس میں ٹکرا جاتے ہیں۔ کیا ہم ماضی کے قیدی رہیں۔ کنفرنٹیشن ہمارا راستہ نہیں ہم یہ چاہتے ہیں ہمارا راستہ مشاورت ہو۔ اس کے بغیر یہ ملک آگے نہیں چل سکتا۔ ہمیں مشاورت کے ساتھ، آئین کی حکمرانی اور تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر آگے بڑھیں۔ مشاورتی عمل اور اجتماعی بصیرت کے ذریعے ہم ملک کو ان مسائل سے نکال سکتے ہیں۔‘
جب پوچھا گیا کہ کیا آپ نواز شریف کو اپنے ان خیالات پر قائل کریں گے تو شہباز شریف نے کہا نواز شریف بھی انسان ہیں ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، پانامہ سے اقامہ ہوا۔ ان کے اہل خانہ کو گرفتار کیا گیا۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ میں ان کو اذیتیں دی گئیں۔ اس کے باوجود میں گارنٹی دیتا ہوں کہ وہ نیشن بلڈنگ کے لیے راضی ہوں گے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت سلیکٹڈ ہے اور بڑے پیمانے پر دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)