پاکستان مسلم لیگ کے ق میں اختلافات پیدا ہونے کے بعد چودھری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری وجاہت حسین نے الزام لگایا کہ ’طارق بشیر چیمہ کی وجہ سے ان کے خاندان میں تقسیم پیدا ہوئی۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے گذشتہ پانچ ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنے کی بہت کوشش کی تاہم چودھری شجاعت حسین اپنی اولاد کے ہاتھوں مجبور ہوچکے ہیں جس نے انہیں یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ انہیں خراب کر رہی ہے۔‘
چودھری وجاہت حسین نے اعلان کیا کہ ’ہم نئی جماعت بنائیں گے، الیکشن کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار میاں عمران مسعود ہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چودھری شجاعت حسین نے انہیں کہا کہ عوام کو یہ پیغام دیا جائے کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے اور ایک ہیں، کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی آگے ہے جبکہ دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے۔ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو کسی کی نظر لگ گئی ہے۔‘
’آصف زرداری جتنے پیسے بانٹتے پھرتے ہیں اتنے پیسے تو شجاعت حسین خیرات میں دے دیا کرتے ہیں، ہمارے لیے یہ افسوس کی بات ہے کہ چودھری شجاعت کا بیٹا آصف علی زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے۔چودھری سالک کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔‘

چودھری وجاہت نے الزام لگایا کہ چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)