لاہورمیں 50سے زائد وینٹیلیٹر بیڈز خالی ہیں، یاسمین راشد

گزشتہ24گھنٹوں کےدوران 113 اموات

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاہور کے مختلف اسپتالوں میں 50سے زائد وینٹی لیٹر بیڈز خالی ہیں۔

لاہورمیں وزیر صحت یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے 30فیصد علاقوں  میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے، انتظامیہ ایس او پیز پرعملدرآمد کرانے پرمبارکباد کی مستحق ہے۔ لاہور کے اسپتالوں میں 50سے زائد وینٹی لیٹرز بیڈز خالی ہیں جبکہ ایکسپوسینٹرمیں 280ایچ ڈی یو بیڈز فعال کردیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہور میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آگئی ہے، اگر سختی سے ایس او پیز پر عمل کریں تو مزید بہتری آسکتی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ آکسیجن کی طلب کا اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے، کابینہ کمیٹی نے اجازت دی ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن جنریٹر لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نجی اسپتالوں کیساتھ کرونا سےنمٹنے کےلیے تعاون کررہی ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث اِن ڈور اور آؤٹ ڈور سمیت تمام قسم کی تقریبات پرپابندی عائد ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس سے 113 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ کرونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.74 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ خبریں