لاہور: جعلی ڈی جی نیب کا کیس پولیس کو منتقل

Lhr NAB

فوٹو: آن لائن

لاہور کی احتساب عدالت نے جعلی ڈی جی نیب بننے والے ملزم کا کیس پولیس کو منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج شیخ سجاد احمد نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب لاہور نے ملزم میاں فیاض کا کیس پولیس کو منتقل کرنے کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فیاض کے خلاف پبلک چیٹنگ کے شواہد نہیں ملے البتہ ملزم فیاض سرکاری افسران کو بلیک میل کرتا رہا اس لیے ملزم کے خلاف نیب کا کیس نہیں بنتا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم فیاض کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ ملزم فیاض احمد کا اب تک 14روز کا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے۔

نیب نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کا کیس پولیس کو منتقل کرنے کا حکم دے، جس پر احتساب عدالت نے کیس پولیس کو منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم کے بعد تھانہ چوہنگ پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے کمرہ عدالت پہنچ گئی۔