لاہور: جوہر ٹاؤن میں دھماکا، 3افراد جاں بحق

دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن بی او آر سوسائٹی میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس افسر سمیت 17فراد زخمی ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ايک رکشہ مکمل تباہ ہوگیا۔ قريب موجود موٹر سائيکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ 3 افراد دم توڑ گئے ہیں اور 17 افراد زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ کے قریب 1 رکشہ اور گاڑی کھڑی ہے جبکہ یہ بم دھماکہ لگتا ہے جس کی تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کے مطابق زخميوں ميں زيادہ تر افراد کی حالت تشويشناک ہے جبکہ ايک زخمی دوران علاج دم توڑ گيا۔ دھماکے کے 16 زخمی اسپتال لائے گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جناح اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈیٹ کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کے جسم میں بال بيرنگ موجود ہيں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ملک کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 12 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمی افراد میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں جبکہ 1 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ دھماکے میں تقریباً 7 گھر تباہ ہوئے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں دھماکا 1 گھنٹے پہلے ہوا البتہ حتمی بات تحقیقات کے بات سامنے آئے گی۔ دھماکے کی جگہ گھڑا بن گیا ہے۔

دھماکے کی جگہ پر موجود ایک خاتون کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار افراد تین مرتبہ چکر لگا کر گئے اور پھر موٹر سائیکل میں دھماکا ہوگیا۔ پولیس کی گاڑی کے سامنے موٹر سائیکل میں اچانک دھماکا ہوا۔

دھماکے ایک اور عینی شاہد بزرگ شہری کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ ہمارا گھر لرز اٹھا، ایسا لگا کہ جیسے کوئی زلزلہ آیا ہو، ہمارا پورا گھر تباہ ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جوہر ٹاؤن میں دھماکے پر آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی ادارے تحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کر رہے ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

متعلقہ خبریں