لاہور: جوہر ٹاؤن میں دھماکہ، ’ایک ہلاک 16 افراد زخمی‘

بدھ 23 جون 2021 10:39

جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ کے مطابق ’مزید پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔‘ (فوٹو پنجاب پولیس)

لاہور کےعلاقے جوہر ٹاؤن میں حکام کے مطابق دھماکے سے  ایک شخص ہلاک جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔
یہ دھماکہ جوہر ٹاؤن میں بدھ کی صبح ہوا۔ جناح ہسپتال لاہور کے ایم ایس کے مطابق ’دھماکے زخمیوں کی کل تعداد 16 ہے اور ایک زخمی ہلاک ہو گیا ہے۔‘
جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ کے مطابق ’مزید پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، اور زخمیوں میں ہر عمر کے افراد شامل ہیں۔‘
مزید پڑھیں
ان کا کہنا ہے کہ ایک پولیس اہلکار کی حالت بھی تشویشناک ہے جس کے لیے بلڈ کا انتظام بھی کردیا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ دھماکہ کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
سی سی پی اونے کہا کہ ’شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رکھا جائے، اور امدادی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے‘
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے، اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ’دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے، اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔‘
وزیراعلی عثمان بزدار نے جناح ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
جوہر ٹاؤن قدرے ایک نئی ہاؤسنگ کالونی ہے جس کا شمار لاہور کے پوش علاقوں میں ہوتا ہے اور یہاں کاروباری سرگرمیاں بھی ہوتی ہیں۔