پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ ایک سال سے کورونا کی وبا میں میڈیکل سٹورز پر ڈکیتی کی وارداتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس کے مطابق گذشتہ پانچ مہینوں میں 25 میڈیکل سٹورز کو لوٹا گیا ہے۔ لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ادوایات کی دکانوں پر ڈکیتی کی وارداتیں بڑھی ہیں۔
لاہور کے علاقے سبزہ زار میں مئی کے آخری ہفتے میں ہونے والی ایک ایک فارمیسی پر ڈکیتی میں ڈاکووں نے سٹاف کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔
مزید پڑھیں
فارمیسی پر کام کرنے والے ایک ملازم اسد علی نے اردو نیوز کو بتایا ’شام سات بجے کے قریب دو ڈاکو میڈیکل سٹور میں گھس آئے۔ وہ بالکل ایسے وقت میں آئے جب صرف ایک گاہک تھا۔ اس سے پہلے اچھا خاصا رش تھا کیونکہ یہ ایک بڑا میڈیکل سٹورہے۔ انہوں نے گن پوائنٹ پر سٹور لاکر کھلوایا اور پیسے نکلوا کر فرار ہوگئے۔‘
اسد علی نے بتایا کہ ’ایسے لگتا تھا کہ ڈاکوؤں نے پوری جاسوسی کی ہوئی تھی۔ ان کو پتا تھا کہ آٹھ بجے لاکر سے پیسے شفٹ کیے جاتے ہیں اور کس وقت پر فارمیسی پر رش قدرے کم ہوتا ہے۔ اس دن کی سیل لگ بھگ تین لاکھ روپے تھی جو وہ لے کر فرار ہو گئے۔
اسد علی کے مطابق ’انہوں نے ماسک بھی پہنے ہوئے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی بنی ہے جو اس وقت پولیس کے پاس ہے، لیکن ابھی تک ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا۔‘
لاہور میں پانچ مہنیوں میں فارمیسیز پر 25 ڈکیتیوں کا مطلب ہے اوسطاً ہر مہینے میں پانچ ڈکیتیاں صرف میڈیکل سٹورز پر ہوئی ہیں۔ کمشنر آفس کے مطابق لاہور میں رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز کی تعداد تین سو سے زائد ہے۔
لاہور میں میڈیکل سٹورز سے وابستہ ایک تاجر محمد عقیل نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا ’یہ انتہائی تشویش ناک بات ہے کہ میڈیکل سٹورز ڈکیتیوں کی زد میں ہیں۔ اور یہ ٹرینڈ کورونا کے بعد ہوا ہے۔ اس کی ایک وجہ ہے بھی ہو سکتی ہے کہ چونکہ میڈیکل سٹورز سب سے زیادہ کھلا رہنے والا کاروبار ہے۔ ہمیں تو لگتا ہے کہ یہ کوئی خاص گروہ ہے جو متحرک ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی تک ایک بھی ڈکیتی کی واردات کرنے والا نہیں پکڑا گیا۔ ایسا کیوں ہو رہا ہے، یہ تو ہماری سمجھ سے بھی باہر ہے۔ پولیس ہی اس بارے میں درست بات بتا سکتی ہے۔ اب تو میڈیکل سٹوز نے سکیورٹی گارڈ بھی رکھنا شروع کر دیے ہیں۔ لیکن یہ اضافی بوجھ ہے۔ جو ہمیں اٹھانا پڑ رہا ہے۔ پہلے سیکیورٹی کیمرے لگائے گئے لیکن ان کا بھی نتیجہ نہیں نکلا۔‘

اختر بٹ کے مطابق ’میڈیکل سٹورز سے نقدی کے ساتھ ساتھ ادوایات بھی لوٹی گئی ہیں۔‘ (فوٹو اے ایف پی)