وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران پر تیزی سے قابو پایا جا رہا ہے اور پیر تک پاور اور گیس سیکٹر میں بہتری آئے گی۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے اور ڈرائی ڈاکنگ کی وجہ سے بجلی کا شارٹ فال پیدا ہوا۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے شارٹ فال کو سیاسیت چمکانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
بقول ان کے ’ان کے اپنے دور میں گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم 20 سے 30 فیصد صلاحیت پر چل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت بجلی کے پیک لوڈ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اس وقت پیک ڈٰمانڈ ہے، اس سے قبل اتنی ڈیمانڈ کبھی نہیں رہی کیونکہ انڈسٹری بھی پوری طرح چل رہی ہے۔‘
حماد اظہر نے مزید بتایا کہ سوئی سدرن گیس کی مرمت تین روز قبل ہو چکی ہے اور ایس ایس جی سی کو اب گیس کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔
آر ایل این جی کے پلانٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کو فرنس آئل پر نہیں چلایا گیا حالانکہ ہر موسم گرما میں ان کو چلایا جاتا تھا۔
حماد اظہر نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت ترسیل کی صلاحیت ساڑے 24 ہزار میگاواٹ ہے، جس میں 10 ہزار کا اضافہ کیا جائے گا۔‘

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی کی ترسیل میں 10 ہزار میگاواٹ کا اضافہ کیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)