لیاقت آباد: عمارت کا چھجہ گر گیا، 2افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 9 میں گیس سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت کا چھجہ گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

 ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 9 میں کثیر منزلہ عمارت کی بالائی منزل پر گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جس کے باعث چھجہ گر گیا، ملبہ گرنے سے بچے سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے جبکہ موٹر سائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

عینی شاہد کے مطابق ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث چھجہ گر گیا، واقعے میں مکان میں موجود افراد اور گلی سے گزرنے والے کئی افراد زخمی ہوئے، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی سی سینٹرل ڈاکٹر ایم بی دھاریجو کے مطابق حادثے میں 40 سالہ راہ گیر اور 8 سالہ بچہ عبدالحادی جاں بحق ہوا۔ جائے وقوعہ سے 8 افراد کو ریکسیو کیا ہے، زخمیوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور باقی 4بچے ہیں۔ چار بچوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی سی نے بتایا کہ گھر میں اے سی لگانے کا کام کروایا جا رہا تھا کہ گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا اور چھت کا حصہ گر گیا، واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انسپکٹر عابد کے مطابق حادثہ پانچویں منزل پر شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا جبکہ عمارت میں ہلکے بلاک کی دیواریں بنی ہوئی ہیں۔

انسپکٹر عابد نے بتایا کہ متاثرہ کمرے میں آج اے سی لگا تھا اور جب حادثہ ہوا تب کمرہ بند تھا، شارٹ سرکٹ ہونے سے گیس کا پریشر بنا۔ اے سی اور اسکا آوٹر لٹکا ہوا ہے جبکہ تاریں بھی جلی ہوئی ہیں۔

متعلقہ خبریں