لیجنڈ بھارتی اداکار کی پاکستان میں یادگار ویڈیو

اداکار کو 1998 میں ‘نشان امتیاز’ سے نوازا گیا تھا

Your browser does not support the video tag.

بھارت کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے 90ء کی دہائی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اس موقع پر وہ اپنے آبائی گھر بھی گئے، تاہم اس دورے کی نایاب ویڈیو شاید بہت سے لوگوں نے نہیں دیکھی ہوں گی۔

مشہور و معروف بھارتی اداکار دلیپ کمار (یوسف خان) کا آج (بدھ 7 جولائی 2021ء کو) ممبئی میں انتقال ہوگیا، ان کی عمر 98 سال تھی۔

محض 65فلموں میں اپنی اداکاری اور فن کاری کے جوہر دکھانے والے دلیپ کمار جن کا اصلی نام یوسف خان ہے، غیر منقسم ہندوستان کے پشاور میں 11، دسمبر 1922ء کو قصہ خوانی بازار کے محلہ خدا داد میں لالہ غلام سرور کے گھر پیدا ہوئے جبکہ اداکار راج کپور کا خاندان بھی ان سے کچھ فاصلے پر رہائش پذیر تھا اور 1930ء میں دلیپ کمار اپنے خاندان کے ہمراہ بمبئی چلے گئے تھے۔

سن 1998ء میں دلیپ کمار نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، انہیں پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز ‘نشان امتیاز’ سے نوازا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے جنوری 2021ء میں راج کپور اور دلیپ کمار کے گھر خریدنے کی منظوری دی تھی، اس سے قبل ستمبر 2020 میں کے پی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ راج کپوراوردلیپ کمارکے آبائی گھروں کو عجائب گھروں میں تبدیل کرے گی۔

ڈائریکٹوریٹ برائے آثار قدیمہ اور عجائب گھرخیبرپختونخوا نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ راج کپور اور دلیپ کمار کے گھروں کو خریدنے کیلئے 2 کروڑ 35 لاکھ سےزائد کی رقم جاری کردی گئی ہے، نیلامی کے دوران راج کپور کےگھر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ اوردلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ لگائی گئی تھی ۔

مالکان اس گھرکو گرانے کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن صوبائی حکومت نے انہیں اس اقدام سے روکا تھا۔

دلیپ کمار کے آبائی گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے رکھی گئی تھی، یہ مکان پشاور کے قصہ خوانی بازار میں محلہ خداداد میں واقع ہے جس کا کل رقبہ 4 مرلے ہے۔

اس اعلان کے بعد میں ٹوئٹر پر اداکار نے اس گھر میں گزارے اپنے بچپن کی یادوں کا تذکرہ کیا جہاں وہ اپنے خاندان کے لوگوں کے ساتھ رہا کرتے تھے۔

یہ ویڈیو فیس بک پیج قصہ خوانی سے لی گئی ہے ۔

متعلقہ خبریں