ماؤنٹ ایورسٹ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں

آسٹریا سے تعلق رکھنے والے کوہ پیمائی کے ماہر گائیڈ لوکاس فرٹنبیچ نے کہا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پر کورونا وائرس پھیلنے سے کوہ پیما اور مدد گار عملے کے ارکان سمیت کم از کم 100 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے  اے پی کے مطابق یہ دنیا  کی بلند ترین چوٹی پر کووڈ 19 کی موجودگی کے حوالے سے پہلا جامع بیان ہے۔
خیال رہے نیپال کے سرکاری عہدیداران یہاں پر کورونا وائرس کی موجودگی سے انکار کرتے رہے ہیں۔
آسٹریا کے لوکاس فرٹنبیچ  وہ پہلے معروف کوہ پیما گائیڈ ہیں جنہوں نے گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے خدشات کے سبب ایورسٹ کی اپنی مہم روک دی تھی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا  ہےکہ ان کے ایک غیر ملکی گائیڈ اور 6نیپالی شرپا گائیڈز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
لوکاس فرٹنبیچ نے اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ اب تک ریسکیو پائلیٹس ، انشورنس عہدیداروں، کوہ پیمائی مہم کے گائیڈز اور ڈاکٹروں سے تمام کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ میرے پاس پازیٹیو ٹیسٹ رپورٹس ہیں اس لیے ہم یہ ثابت کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس بیس کیمپ میں کم سے کم 100 افراد کورونا پازیٹیو ہیں اور یہ تعداد 150 یا 200 تک ہوسکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ ایورسٹ بیس کیمپ میں بہت سے کووڈ کیسزموجود تھے۔ ’مجھے دکھائی دے رہا تھا کہ لوگ بیمار ہیں، ان کے خیموں سے کھانسے کی آوازیں صاف سنائی دے رہی تھیں۔‘
رواں سیزن میں مجموعی طور پر 408 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ایورسٹ سر کرنے کے اجازت نامے جاری کئے گئے تھے۔ ان کی مدد کےلیے کئی سو شرپا گائیڈز اور معاون عملہ ماہ اپریل سے بیس کیمپ میں تعینات ہے۔

نیپال میں کورونا کے باعث اب تک 6024  اموات ہو چکی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
کوہ پیمائی سے متعلق نیپالی عہدیداروں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ہمالیہ پہاڑوں کے بیس کیمپوں میں موجود کوہ پیماؤں یا امدادی عملے میں کورونا کا کوئی کیس موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کورونا کی عالمی وبا کے باعث کوہ پیمائی کا سلسلہ بند کردیا گیا تھا۔  سنیچر کو اس صورتحال پر تبصرے کے لیے فوری طور پر کسی نیپالی عہدیدار سے رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔
دیگرکوہ پیما ٹیموں نے اپنے ارکان یا عملے کے کسی رکن کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا اعلان نہیں کیا۔
ایورسٹ بیس کیمپ سے نیچے لائے جانے کے بعد متعدد کوہ پیماؤں کے کورونا ٹیسٹ مثبت پائے گئے تھے۔
فرٹن بیچ نے کہا کہ زیادہ ترکوہ پیما ٹیمیں اپنے ساتھ کورونا کی ٹیسٹ کٹس لے کر نہیں گئی تھیں تاہم ان کی ٹیم کے باہر آنے سے پہلے انہوں نے کورونا ٹیسٹ کروانے میں مدد کی اور دو کیسزکی تصدیق بھی ہوئی تھی۔

رواں سیزن میں 408 غیر ملکیوں کو ایورسٹ کے لیے اجازت نامے دئیےگئے۔(فوٹو ٹوئٹر)
فرٹن بیچ نے کہا کہ بیشتر ٹیمیں اب بھی بیس کیمپ پر موجود ہیں۔ انہیں امید ہے کہ اگلے ہفتے موسم صاف ہو جائے گا اور وہ  ماہ کے آخر تک کوہ پیمائی کا سلسلہ بند ہونے سے قبل ہی چوٹی تک پہنچنے کی کوشش کر لیں گے۔
اپریل کے اواخر میں ایورسٹ بیس کیمپ میں سب سے پہلے ایک نارویجین کوہ پیما کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کٹھمنڈو پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ بعدازاں وہ وطن واپس چلے گئے۔
نیپال کو کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سامنا ہے۔ نیپال میں کورونا کے ریکارڈ اور اموات ہوئی ہیں۔ 
چین نے نیپال کی طرف سے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر گزشتہ ہفتے اپنی حدود سے ماونٹ ایورسٹ کی کوہ پیمائی منسوخ کر دی تھی۔ 
گذشتہ روز جمعہ کو نیپال میں کورونا کے 8607 نئے  کیسز  اور 177 اموات کی اطلاع ملی تھی۔ اس طرح کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے لے کر اب تک نیپال میں کووڈ 19کے کیسز کی تعداد چار لاکھ 97 ہزار اور اموات کی تعداد 6024 ہو چکی ہے۔