متحدہ عرب امارات نے پاکستان پرسفری پابندی میں توسیع کردی

فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات نے پاکستان پر عائد سفری پابندی میں 21 جولائی تک توسیع کردی۔

متحدہ عرب امارات سے بھارت، زیمبیا، ویتنام، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائیجیریا اور جنوبی افریقا سمیت 13 ممالک کی پروازیں بھی معطل کردی گئیں۔

یو اے ای سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کارگو، بزنس اور چارٹرڈ فلائٹ اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

اس سے قبل توقع کی جارہی تھی کہ متحدہ عرب امارات پاکستان سے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی 7 جولائی کو اٹھالے گا۔

یو اے ای نے 12 مئی کو پاکستان پر سفری پابندی عائد کی تھی، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے بھی پروازیں معطل کردی گئی تھیں۔ یہ فیصلہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صرف متحدہ عرب امارات کے شہریوں، سفارتی عملہ، گولڈن ویزا رکھنے والوں اور بزنس مینوں کے طیاروں کو استثنیٰ حاصل ہے۔ تاہم انہیں 10 روز کیلئے قرنطینہ کیا جائے گا جبکہ ایئرپورٹ پر اور ملک میں داخل ہونے کے چوتھے اور آٹھویں روز پی سی آر ٹیسٹ بھی کرانا ہوگا۔

پاکستان نے اتوار کو برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائیشیا کیلئے 40 فیصد مسافروں کے ساتھ پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ مسافروں کو پاکستان سے جاتے ہوئے کرونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں