مری کے ہوٹل میں تین سیاح پُراسرار طور پر ہلاک، تحقیقات جاری

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں پولیس کے مطابق تین سیاح پُراسرار طور پر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک سیاح کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
مری پولیس کے مطابق ایکسپریس وے پر ڈنہ کے مقام پر نجی ہوٹل کے کمرے میں چار سیاح بے ہوش پائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی۔
اطلاع پر پولیس اور امدادی کارکن موقع پر پہنچے۔ چاروں افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچ کر تین افراد دم توڑ گئے، جبکہ ایک بے ہوش ہے اور اس کی حالت غیر ہے۔  
مزید پڑھیں
مقامی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت 28 سالہ محمد اویس، 30 سالہ فیصل ایاز اور 29 سالہ محمد شاہ رخ کے نام سے ہوئی، جبکہ بے ہوش شخص کی شناخت محمد کے نام سے ہوئی۔ چاروں سیاحوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں راولپنڈی، تریٹ اور دیگر علاقوں سے ہے۔ 
تھانہ پتریاٹہ کی پولیس نے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے جو موقع سے شواہد اکٹھے کریں گی اور لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور دیگر فرانزک شواہد کی روشنی میں وجہ موت کا تعین ہو سکے گا۔  
دوسری جانب سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ میرٹ پر تحقیقات کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔