
فوٹو: ٹوئٹر
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کا قتل مغرب میں بڑھتے اسلاموفوبیا کی واضح مثال ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کینیڈا میں مسلمان پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے قتل کا سن کر بہت افسوس ہوا، دہشتگردی کی یہ قابل مذمت حرکت مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا تدارک کےلیے عالمی برادری کی جانب سے کلی طور پر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اونٹاریو کے علاقے لنڈن میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان کینیڈین خاندان کے قتل پر بے حد افسردہ ہوں۔ دہشت گردی کا یہ قابل مذمت اقدام مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کی علامت ہے جس کے (اسلاموفوبیا) تدارک کے لئے عالمی برادری کی جانب سے کلی طور پر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 8, 2021
اس سے قبل کینیڈا کی ریاست اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک 20 سالہ نوجوان نیتھینیل ویلٹمین نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا تھا جس کے نتیجے میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے 4افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 9سالہ بچہ شدید زخمی ہوا تھا۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔
کینیڈا: نوجوان نےمسلمان خاندان پر ٹرک چڑھادیا، 4افراد جاں بحق
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے پیش آیا تھا جبکہ خاندان کو اطلاع پیر کے روز دی گئی۔ متاثرہ فیملی گھبرائی ہوئی ہے اور میڈیا کے سامنے نہیں آنا چاہتی۔ جاں بحق افراد کی تدفیق کینیڈا میں ہی کی جائےگی۔ پاکستانی حکومت متاثرہ فیملی سے رابطے میں ہے۔
متعلقہ خبریں