وزیراعظم کی جانب سے معید یوسف کو قومی سلامتی کا مشیر تعینات کردیا گیا ہے۔
معید یوسف کے قومی سلامتی کے مشیر کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فیکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انہیں مشیر بنا کر وفاقی وزیر کے برابر کا منصب دیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معاون خصوصی معید یوسف مشیر قومی سلامتی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نوٹی فیکیشن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ معید یوسف کو 24 دسمبر 2019 کو معاون خصوصی برائے قومی سلامتی مقرر کیا گیا تھا۔ وہ پہلے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے ایشیا سینٹر کے ایسوسی ایٹ نائب صدر تھے۔
انہوں نے بوسٹن یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹر اور پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
سال 2007 میں معید یوسف نے اسٹریٹجک اینڈ اکنامک پالیسی ریسرچ کی مشترکہ بنیاد رکھی جو پاکستان میں نجی شعبے کی ایک مشاورتی فرم ہے۔ انہوں نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک، ورلڈ بینک اور اسٹاک ہوم پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے علاوہ دوسرے اداروں کے لیے بھی کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دیے۔
معید یوسف بوسٹن یونیورسٹی، جارج واشنگٹن یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد میں پڑھاتے رہے ہیں، انہوں نے واشنگٹن میں واقع تھنک ٹینک بروکنگس انسٹی ٹیوشن میں بھی کام کیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ انہیں بھارت میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر تعینات کرنے کی افواہیں بھی منظر عام پر آئی تھیں۔
متعلقہ خبریں