ملک میں انتشارپھیلانے کے خواہشمند ناکام ہونگے،شیخ رشید

لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے کے ملزمان کے قریب پہنچ گئے ہیں

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے کے ملزمان کے قریب پہنچ گئے ہیں اور پنجاب پولیس نے تحقیقات میں زبردست  کامیابی حاصل کی ہے۔

جمعرات کو سماء کو خصوصی انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ لاہور دھماکے کے ملزمان کو پولیس جلد گرفتار کرکے عوام کو اچھی خبر سنائی گی۔ملک میں انتشار پھیلانے کے خواہش مند ناکام ہوں گے اور یہ لوگ پاکستان کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان حکومت میں سیاسی اور معاشی استحکام آیا ہے اورپاکستان کے دشمنوں کو یہ چیز ایک آنکھ نہیں بھاتی ہے۔دشمنوں نے دہشت گردی کا راستہ اپنانا شروع کیا لیکن وہ ناکام ہوںگے۔پاکستان کےعوام  پاک فوج کے ساتھ ہیں اورملک  میں امن استحکام اور ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

سیاست سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ یہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔ عمران خان خوش قسمت ہیں کہ انھیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی۔اپوزیشن کی بیان بازی صرف میڈیا کی حد تک ہے،اس لئے بجٹ پاس ہو جائے گا۔ شیخ رشید  نے تسلیم کیا کہ مسائل ضرور آئیں گے لیکن عمران خان کی قیادت میں ان مسائل کو شکست دیں گے۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام 85 فیصد اور ایران سرحد پر 44 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔

متعلقہ خبریں