ملک میں مثبت کرونا کیسز،شرح2.46 فیصد ہوگئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ 1 دن میں 46 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ان میں سے 18 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹرپر ہوا۔

جمعرات کواین سی او سی نےبتایا کہ 24  گھنٹوں میں 1 ہزار 119 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں مثبت کرونا کیسز کی شرح  2.46 فیصد ہے۔ کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 19 اموات،سندھ میں 17 اموات، خیبرپختونخوا میں 6 اموات ہوئیں۔آزاد کشمیر میں 1 اوربلوچستان  میں 3 مریضوں کا انتقال ہوا۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 874 ہوگئی ہے۔

ٹیسٹ اور کیسز:۔

این سی او سی نےبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 37 ہزار 196 ٹیسٹ کئے گئے۔ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد36 ہزار 215 ہے۔کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 87 ہزار 95 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 184 ہوگئی ہے۔اس وقت ملک کے 639 مختلف اسپتالوں میں 2 ہزار 746 مریض زیرعلاج ہیں۔

پشاور میں 18 فیصد، ملتان میں 40 فیصد، لاہور میں 20 فیصد، بہاولپور میں 28 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔اس کے علاوہ کراچی میں 26 فیصد، ایبٹ آباد میں 31 فیصد، ملتان میں 25 فیصد اور گلگت میں 30 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

بدھ کو وزيراعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹر فيصل سلطان نے کہا ہے کہ کرونا ويکسين کی کمی چند روز کے ليے ہے اور20 جون کے بعد يہ دور ہوجائے گی اور مزید بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر فیصل نے واضح کیا کہ جن لوگوں نے پہلی ڈوز لگوالی ہے، وہ دوسری ڈوز کے ليے پريشان نہ ہوں کیوں کہ دوسری ڈوز چند روز يا ہفتوں کی تاخير سے بھی لگوائی جاسکتی ہے۔اس تاخیر سے پہلی ڈوز کا اثر زائل نہیں ہوتا۔

متعلقہ خبریں