ملک میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر، اسد عمر نے خبردار کردیا

این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے آغاز کے واضح شواہد ملے ہیں۔

جمعہ کو ٹویٹ کرتےہوئے سربراہ این سی او سی اسد عمر نےان ڈور ریستورانٹس، انڈور شادیاں اور جمز کو بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق ان ڈور تقریبات میں صرف ویکسین شدہ افراد کی شرکت کی شرط پر عمل نہیں ہو رہا ہے اور اگر ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نہ دکھائی تو یہ سہولت بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ 2 ہفتے قبل کہا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈلز چوتھی لہر کے آغاز کو ظاہر کر رہے ہیں تاہم اب واضع طور پر چوتھی لہر کے آغاز کی ابتدائی علامات کو دیکھا جاسکتا ہے ملک میں ایس او پیز پرعمل درآمد نہ ہونا اور مختلف ویری انٹس خاص طور پر کرونا کی بھارتی قسم کا پھیلاؤ بڑی وجوہات ہیں۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب میں بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ 10 سے 12 دن پہلے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر جولائی میں احتیاط نہ کی گئی توکرونا وائرس کی چوتھی لہر آسکتی ہے۔اسد عمر نے واضح کردیا کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کی طرف جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اورمکمل لاک ڈاؤن کی طرف اب نہیں جائیں گے البتہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی جمعرات کو کرونا پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سے پھیلنے والے وائرس سے پورے خطے کو سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس وقت ملک کو چوتھی لہر کا خطرہ درپیش ہے۔یہ وائرس مسلسل اپنی ہیئت تبدیل کررہا ہے اور یہ صورتحال اس وبا کی ابتداء سے مسلسل پریشانی کا باعث ہے۔

ایک ہفتے قبل سماء کے پروگرام نیا دن میں بات کرتےہوئے کرونا ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا تھا کہ بہت ممکن ہے کہ یورپ سے کرونا کا نیا ڈیلٹا ویرینٹ پاکستان پہنچ چکا ہو۔ برطانیہ اور بھارت میں یہ ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی خاصیت یہ ہے کہ سب سے زیادہ مہلک قسم جلدی چھاجاتی ہے تاہم ابھی تک پاکستان میں الفا ویرینٹ رہا۔

جمعہ کو این سی او سی نے بتایا ہے کہ  24  گھنٹوں میں 1 ہزار 737 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد ہے۔کرونا کے باعث سب سے زیادہ میں سندھ 14 اموات، پنجاب میں 7  میں اموات ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 2، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 1،1 مریض کا انتقال ہوا۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 520 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 528 ٹیسٹ کئے گئے۔ کرونا کے فعال کیسز کی تعداد35 ہزار 573 ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں