مندیرا بیدی کے شوہر انتقال کرگئے

فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل مندرا بیدی کے شوہر فلمساز اور پروڈیوسر راج کوشل انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مندرا بیدی کے 49 سالہ شوہر راج کوشل کے قریبی ساتھی جیتو ساولانی نے ان کی موت کی اطلاع سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر دی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راج کوشل کو دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے۔

راج کوشل نے بطور اداکار اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا بعدازاں انہوں نے ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھا۔ ان کی ہدایتکاری میں بننے والی قابلِ ذکر فلموں میں اینتھنی کون ہے، پیار میں کبھی کبھی اور شادی کا لڈو سمیت کئی دیگر فلمیں شامل ہیں۔

راج کوشل کی موت پر بالی ووڈ انڈسٹری کے بڑے ناموں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ مندرا بیدی اور راج کوشل کی شادی 1999 میں ہوئی تھی، ان کے دو بچے تارا اور ویر بھی ہیں۔ انہوں نے 4 سالہ بیٹی تارا کو گزشتہ برس جولائی میں گود لیا تھا۔