مہمند: پانی کی ٹنکی منہدم ہونے سے 7 بچے جاں بحق

ضلع مہمند کے تحصیل امبار میں پانی کی ٹنکی منہدم ہوجانے سے اس کے قریب موجود 7 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بچے ٹینکی کے قریب کھیل رہے تھے کہ اچانک پانی سے بھری گر گئی اور بچے اس کے ملبے تلے دب گئے۔

یہ واقعہ ضلع مہمند لوئر سب ڈویژن کی تحصیل امبار کے علاقے گمبتے میں پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے بچے اور بچیاں گھر کے پاس  پانی سے بھری ٹنکی کے قریب کھیل رہے تھے کہ ٹنکی زیادہ پانی کا بوجھ برداشت نہ کرسکی اور اچانک ٹوٹ کر نیچے آ رہی۔

ملبے کی زد میں آکر کمسن بچے ریحان،عماداللہ ،فرمان ، نفیسہ ،وجیہہ ،مروہ اور منیبہ جاں بحق جبکہ فہد ولد قمندان زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے میں جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

مہمند سے رکن قومی اسمبلی ساجد مہمند نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لواحقین کی مالی مدد کےلیے وزیراعلیٰ محمود خان سے بات کریں گے۔

متعلقہ خبریں