پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کہا ہے کہ ’پانچ جون سے نادرا کے تمام سینٹرز نے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ اگلے ہفتے سے ای سہولت کے ذریعے بھی سرٹیفیکیٹس جاری ہونا شروع ہو جائیں گے۔‘
منگل کو این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پانچ جون سے نادرا کے تمام سینٹرز نے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنا شروع کیے ہیں۔‘
’اس کے علاوہ تقریباً پانچ ہزار سے زیادہ ای سہولت کی شاخیں بھی اگلے ہفتے سے سرٹیفیکیٹ جاری کرنا شروع کر دیں گی۔‘
مزید پڑھیں
اجلاس میں این سی او سی نے ملک میں کورونا کی مجموعی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
این سی او سی نے وزارتوں کو اپنے ملازمین کو بروقت ویکسین لگوانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ’ملک میں 20 لاکھ اساتذہ میں سے چار لاکھ 50 ہزار اساتذہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔
این سی او سی کی بریفینگ میں بتایا گیا ہے کہ ’ملک بھر کے ایئرپورٹس میں روزانہ کی بنیاد پر چھ ہزار ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹس کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔
بیان کے مطابق ’27 پروازوں کے ذریعے روزانہ چار ہزار پانچ سو مسافر پہنچ رہے ہیں۔‘
’پاکستان پہنچنے پر ایئرپورٹس پر جامع طریقہ کار کے تحت 388 کورونا وائرس مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔‘

پاکستان میں اب تک چار لاکھ 50 ہزار اساتذہ کی ویکسینیشن کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)