نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں سیاست دان لڑ پڑے

تکرار اور ہاتھا پائی اور ہاتھا پائی ہوئی

نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں دو سیاست دانوں کے درمیان  تکرار اور  ہاتھا پائی  شہہ سرخیوں میں آگئی۔

بدھ کی رات پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق اعوان اور پی پی پی کے قادر مندوخیل ایک ٹاک شو میں مدعو تھے۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی نوعیت کی بحث شدت اختیار کرگئی۔ دونوں جانب سے تیز لہجے میں ایک دوسرے کے خلاف سخت الزامات عائد کئے گئے۔

اس دوران پروگرام کے اینکر نے دونوں کو خاموش کروانے کی کوشش کی مگر بات بڑھتے ہوئے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں رہنماؤں کو ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھاتے اور تلخ لہجے میں بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران پروگرام کا عملہ بیچ بچاؤ کروانے آگیا۔

فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے قادر مندوخیل کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے تاحال کسی باضابطہ ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان چند برس قبل پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ تھیں اور بعد میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بنیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 29 اپریل کو این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل 15 ہزار 656 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے جبکہ مسلم لیگ نون کے مفتاح اسماعیل کو 14ہزار 747 ووٹ ملے۔

متعلقہ خبریں