نسلہ ٹاور مالک الاٹیز کو رقم واپس کرے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر قائم نسلہ ٹاور کو فوری طور پر گرانے اور الاٹیز کو 3 ماہ کے اندر رقم واپس کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے چند روز قبل نسلہ ٹاور کو غیر قانونی قرار دیا دیتے ہوئے اسے گرانے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کمشنر کراچی کو ہدایت کی گئی ہے کہ نسلہ ٹاور خالی کراکر اپنی تحویل میں لیں اور فوری طور پر گرانے کی کارروائی شروع کریں۔

سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کے مالک کو ہدایت کی ہے کہ 3 ماہ کے اندر تمام الاٹیز کو رقم واپس کی جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ نسلہ ٹاور کی زمین کو غیر قانونی طور پر رہائشی سے کمرشل میں تبدیل اور تعمیر کیلئے سروس روڈ پر بھی قبضہ کیا گیا۔

مزید جانیے: بلڈر کی نظرثانی درخواست مسترد، سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور گرانے کاحکم برقرار

گزشتہ سماعت

 بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کیس پر بلڈر کی جانب سے نظرثانی درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ ان سب کے پیچھے فرنٹ مین کون ہے؟۔ جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دئیے کہ ہمارے پاس کمشنر کراچی کی رپورٹ موجود ہے۔

عدالت کو بلڈر کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے بتایا کہ شاہراہ فیصل والے سروس روڈ پر قبضہ نہیں ہوا، شاہراہ قائدین فلائی اوور کی تعمیر کیلئے پلاٹ کا حصہ لیا گیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمشنر کراچی کی رپورٹ کے مطابق 341 مربع گز پر قبضہ کیا گیا ہے۔

بیرسٹر صلاح الدین نے بتایا کہ جو نیا تکون پلاٹ کریئٹ  کیا گیا ہے،اس نے سروس روڈ کو نقصان پہنچایا۔

  اس موقع پر چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ عدالت کو اس عمارت کی صرف لیز دکھا دیں کہ لیز کہاں ہے؟۔ بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ کے ایم سی نے لیز سندھی مسلم سوسائٹی کو دی تھی اور سندھی مسلم سوسائٹی نے ہمیں دی۔

جسٹس اعجاز الحسن نے کہا کہ جس نے آپ کو لیز دی تھی، اس کے پاس تو اختیار ہی نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کراچی میں ایسا ہی ہوا ہے اور چائنا کٹنگ ایسے ہی ہوتی ہے۔

سپریم کورٹ نے بلڈر کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نسلہ ٹاور کو گرانے کا اپنا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا۔

واضح رہے کہ 8 اپریل کو چیف جسٹس گلزار احمد نے شارع فیصل اور شاہراہ قائدین کے سنگم پر قائم کثیر المنزلہ رہائشی عمارت نسلہ ٹاور کی لیز منسوخ کرتے ہوئے اسے گرانے کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ خبریں