نورمقدم قتل کیس: انگلینڈ اور امریکہ سے ملزم کا کریمنل ریکارڈ حاصل کرنے کی ہدایت

جمعہ 23 جولائی 2021 15:25

آئی جی نے ہدایت کی کہ تفتیشی ٹیم ملزم کے کریمنل ریکارڈ کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرے۔

آئی جی اسلام آباد پولیس نے تفتیشی ٹیم کو نور مقدم  قتل کیس کے ملزم ظاہر ذاکر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (اسی سی ایل ) میں ڈالنے کی متعلقہ اداروں سے سفارش اور انگلینڈ اور امریکہ سے ملزم کا کریمنل ریکارڈ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
 ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی پولیس قاضی جمیل الرحمان نے اسلام آباد میں قتل ہونے والی نور مقدم کی تفتیشی ٹیم سے جمعہ کے روز میٹنگ کی اور تفتیشی ٹیم میں شامل پولیس آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کے کریمنل ریکارڈ کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے ملزم ظاہر ذاکر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (اسی سی ایل ) میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی ہے اور تفتیشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے شواہد کا فرانزک تجزیہ کرایا جائے۔
خیال رہے کہ منگل کے روز اسلام آباد کے سیکٹر ایف  سیون  فور میں پاکستان کے سابق سفیر شوکت مقدم کی 28سالہ بیٹی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ کوہسار پولیس نے واقعے کے بعد موقع پر پہنچ کر ظاہر ذاکر نام شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔
بعد ازاں جمعرات کے روز پاکستان کے سابق سفیروں کی ایسوسی ایشن نے نور مقدم کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ملزم کو مثالی سزا دی جائے۔