نوپپی،نوجپھی:فردوس عاشق کے بیان پرعلی گُل پیرکی ویڈیووائرل

تصویر: سماء ڈیجیٹل

معروف کامیڈین اور ریپرعلی گُل پیراس باراپنے فالوورزکیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ایک بیان کی دلچسپ پیروڈی لیکرآئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کے دوران کرونا ایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی تھی۔سنجیدہ بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے لطیف پیرائے میں یہ بھی کہا کہ ” کہیں عید کے اجتماعات نہیں ہوں گے، نہ عید پارٹیاں ہوں گی، نہ عید ملن ہوں گی نہ روایتی عید کی جپھیاں اور پپیاں ہوں گی”۔

آئے روز معروف شخصیات کی نقالی کی پُرمزاح ویڈیوزبناکرمداحوں کو محظوظ کرنے والے علی گل پیر نے فردوس عاشق اعوان کا یہ بیان اپنی ویڈیو کے ذریعے خوب واضح کیا۔

علی نے کیپشن میں لکھا ” نو پپی، نو جپھی لیکن پھر بھی ایڈوانس عید مبارک”۔

اس سے قبل علی نے متنازع بیانات کے باعث شہرت رکھنے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی ایک ویڈیو کی پیروڈی کی تھی جو مداحوں میں وائرل ہونے کے ساتھ خود کنگنا کو بھی بیحد پسند آئی جس کا اعتراف کرتے ہوئے اداکارہ نے تبصرہ کیا” آپ ایک مزاحیہ انسان ہیں، آخر کار آپ نے مجھے ہنسنے پر مجبور کردیا”۔

علی گُل پیر نے بھی کنگنا کے ردعمل کا جواب دیتے ہوئے لکھا تھا، ”ٹھیک ہے! بہت سی چیزوں پر ہمارا اختلاف ہوسکتا ہے لیکن کم از کم ہم مل کر ہنس تو سکتے ہیں ”۔