نیٹ فلیکس کو اپنی کچھ ویب سیریز کے حساس موضوعات کی وجہ سے اکثر تنازعات کا سامنا رہتا ہے اور اب اس پلیٹ فارم پر نشر ہونے والی ’بامبے بیگمز‘ سیریز بنانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق مقدمہ درج کرنے کی یہ درخواست انڈیا میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کی تنظیم نے مہاراشٹر کے سیکریٹری داخلہ کو لکھے گئے ایک خط میں کی ہے۔
تنظیم نے اعتراض اٹھایا ہے کہ بامبے بیگمز میں بچوں کو نامناسب انداز میں دکھایا گیا ہے۔
تنظیم نے اپنے خط میں ممبئی پولیس سے اس معاملے پر کی گئی کارروائی سے متعلق تین دن کے اندر رپورٹ طلب کرنے کا کہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ’ممبئی پولیس نے کمیشن کو آگاہ کیا ہے کہ اس معاملے پر ایف آئی آر درج کرنے کے لیے انہیں ’اعلیٰ انتظامیہ کی اجازت‘ درکار ہے۔‘

تنظیم نے اپنے خط میں ممبئی پولیس سے اس معاملے پر کی گئی کارروائی سے متعلق تین دن کے اندر رپورٹ طلب کرنے کا کہا ہے (ویڈیو گریب)
منگل کو لکھے گئے خط کے متن کے مطابق ’چونکہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے اس لیے آپ سے درخواست کی جاتی ہے کہ آپ اس معاملے پر غور کریں اور یقینی بنائیں کہ آئندہ بچوں کے حقوق اور قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ یہ بھی درخواست کی جاتی ہے کہ کمیشن کو کارروائی سے متعلقہ رپورٹ تین دن کے اندر جمع کرائی جائے۔‘
ممبئی پولیس کمشنر ہیمنت ہیمنت ناگرال کو لکھے گئے ایک دوسرے خط میں نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس نے انہیں 28 مئی کو رپورٹ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا کہا ہے۔
مارچ میں انڈیا میں بچوں کے حقوق کی قومی تنظیم نے نیٹ فلکس ویب سیریز ’بامبے بیگمز‘ میں بچوں کی نامناسب تصاویر دکھانے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے فوری بند کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

بامبے بیگمز میں لیڈ رول اپنے زمانے کی معروف اداکارہ پوجا بھٹ کر رہی ہیں۔ (فوٹو: پوجا بھٹ ٹوئٹر)