ن لیگی دورمیں سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن کی بھی تحقیقات ہونگی

کارروائی کیلئےلائحہ عمل پرغورجاری ہے،فواد چوہدری

Your browser does not support the video tag.

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ن لیگ دور حکومت میں سڑکوں کی تعمیر میں مبینہ کرپشن میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا گیا اور یہ منصوبہ بندی کی گئی کہ کس طرح ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریففنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرمواصلات نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سن 2013 اور سن 2021 کے ٹھیکوں میں ایک ہزار ارب روپے کا فرق آیا ہے اور جو سن 2013 میں ٹھیکوں کا ریٹس تھا وہ سن 2021 سے دوگنا تھا۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ تعمیراتی مٹیریل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود این ایچ اے اب جو سڑکیں بنارہی ہے وہ سن 2013 کے مقابلے میں فی کلومیٹر دس دس کروڑ روپے کم لاگت میں بن رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ پر بریفنگ دی گئی ہے، تقریباً 20 ای وی ایم مشین ایک پرائیویٹ کمپنی سے منگوائی ہیں اور اس مہینے سے ہم بڑے الیکشن کو ای وی ایم پر شفٹ کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے الیکشن اصلاحات کے لیے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا خیرمقدم کیا تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ گفتگو وقت ضائع کرنے کے بجائے معاملے کو کسی حتمی نتیجے پر پہنچانے کےلیے ہونی چاہیے۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ای وی ایم کا معاملہ اپوزیشن کے ساتھ حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور ہم پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلارہے جس میں اپنا ایجنڈا رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا الیکشن اصلاحات کا اہم جزو ہوگا۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کثیرالمنزلہ عمارتیں جتنی بننی چاہیے تھیں اتنی نہیں بن رہیں اس لیے اس مسئلے کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ اس میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے اقدامات وضح کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی فون انڈسٹری آف پاکستان کی ہری پور میں موجود اربوں روپے کی فاضل زمین کو این آر ٹی سی کو ٹرانسفر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جسے دفاعی پیداور کے لیے استعمال کی جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے نیشنل ایکشن پلان فار بزنس اینڈ ہیومن رائٹس قانون منظور کیا جس کے تحت کام کی جگہوں پر چائلڈ لیبر قوانین پر عملدرآمد اور لیبر اسٹینڈرڈ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار اور سیاحت کے فروغ کے لیے ای ویزہ پروگرام کی 51 سے 191 ممالک تک توسیع دے دی گئی ہے جبکہ ہائیکورٹ کے احکامات کے مدنظر 34 ادویات کی قیمتوں کا تعین کیا گیا۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا پاکستان کا برادر ملک ہے اور کرونا سے نمٹنے میں مدد کے لیے وہاں ایک ٹیم بھیجی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کے حوالے سے ایک نئے قانون کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت ملک میں پرائیویٹ اناؤنسمنٹ پر پابندی ہوگی اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کو ہی حتمی سمجھا جائے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بیرونی ترسیلات زر میں 5 اعشاریہ 4 بلین روپے جبکہ ٹیکس کلیکشن میں 585 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فارن ایکس چیج ریزرو 36 فیصد اضافے کے ساتھ اب 27 اعشاریہ 2 ارب ڈالر پر پہنچ چکا ہے جبکہ ملکی برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل امپورٹڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے شہروں میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی پیداور میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ کپاس کی پیداور پچھلے سال کے مقابلے میں بہت اچھی ہوئی ہے جس سے دیہات کی اکانومی بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ شہزاداکبر نے شہبازشریف منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے تفصیلی پریس کانفرنس کی ہے مگر ملک کا بڑا مسئلہ مس رپورٹنگ اور فیک نیوز ہے۔

انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ اگر شہبازشریف کیس کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر روزانہ چلا تو شہبازشریف 25 سال کےلیے جیل جاسکتے ہیں۔

تازہ ترین

ایرانی حدود سے دہشت گردوں کی فائرنگ، ایف سی اہلکارشہید
سول ایوی ایشن اتھارٹی کاپی آئی اےکوٹف ٹائم دینےکا فیصلہ
برطانیہ میں سابق پاکستانی ہائی کمشنر واجدشمس الحسن انتقال کرگئے
افغانستان میں 64 کے آئین کاعارضی نفاذ متوقع