ن لیگ موجودہ زمانے کی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے،فواد

سندھ سرکارقوم پرستی میں جھوٹ بولنےسےدریغ نہیں کرتی

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان کے ساتھ کیا، وہ ن لیگ نے پاکستان کے ساتھ کیا۔ ن لیگ ماڈرن ایسٹ انڈیا کمپنی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان سے پیسہ لوٹا اور باہر لے گئے۔ لاہور گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو کھیل رہے ہیں۔ یہاں سے منتیں کر کے گئے، باہر جا کر پولو میچ دیکھنے پر اب کیا کہا جائے۔ نواز شریف کے لندن میں مزے کرنے سے عوام کو دکھ ہے۔ نواز شریف نے پاکستان میں چمچے چھوڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں کا احترام ہے لیکن جس طرح نواز شریف بغیر گارنٹی باہر گئے اس کا دکھ ہے ، عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں شریف خاندان کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے۔ کیسز بنتے ہیں اور چھ چھ مہینے تاریخیں نہیں ملتیں، جس سے فیصلہ نہیں ہو پاتا ہے۔

سندھ حکومت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اربوں روپیہ وفاق سے صوبوں کوجاتا ہے لیکن سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کیا جا رہا ہے، ہر روز ہم دیکھتے ہیں کہ کراچی کے حالات برے ہو رہے ہیں، کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کا بھی برا حال ہے۔ سندھ میں بجٹ آگیا ہے۔ سندھ کو جو پیسہ ملتا ہےاس کو باہر کے ملکوں میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا جاتا ہے۔ مگر اب ایسا نہیں ہوگا، وفاق صوبوں کو جو پیسہ دے گا اس میں میکنزم کے ذریعے شفافیت لائی جائے گی۔

وزارت اطلاعات کے نئے منصوبوں سے متعلق فواد چوہدری نے بتایا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا۔ کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو ملک میں لاسکیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اوور سيز پاکستانيوں کو پاکستان کی سياست کا لازمی جز سمجھتے ہيں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات اور تجاویز پر فوری غور کیا جاتا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ضروری دینا چاہیے، مگر احسن اقبال کا سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ نہ دینے کے حق کا بیان سمجھ سے بالا تر ہے۔

متعلقہ خبریں