وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کا دورہ کرینگے

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان آج جمعہ 30 اپریل کو گلگت بلتستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ جہاں وہ گلگت بلتستان کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم کے ایک روزہ دورے کے دوران وفاقی وزرا بھی ہمراہ ہونگے۔ گلگت بلتستان آمد پر وزیراعظم مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور ترقی کیلئے پیکج کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم 1990کلومیٹر خنجراب راول پنڈی فیز ون آپٹیکل فائبر کیبل کے منصوبے کا بھی دورہ اور افتتاح کریں گے، جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے انتالیس شہروں میں فائبر ٹوہوم پراجیکٹ کا افتتاح، گلگت میں انکیوبیشن سنٹر کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔

دنیا کے مشکل ترین مقام کے ٹو بیس کیمپ میں آل سدپارہ کی یاد میں کون کورڈیا بی ٹی ایس کا افتتاح اور دور دراز علاقوں سے رابطے قائم کرنے کیلئے کے حوالے سے آئی پیوی سیٹ کا بھی افتتاح وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان علاقے کی ترقی کیلئے پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔ دورے کی اہم بات گلگت بلتستان میں احساس کے تحت تین بڑے پروگراموں کا آغاز ہے، جس میں احساس نشو نماء، احساس سیکنڈری ایجوکیشن وظیفہ اور احساس ایک خاتون ایک اکاؤنٹ پروگرام شامل ہیں۔

احساس نشو ونما کے مراکز تین ضلعوں دیامیر، استور اور خارمنگ میں پہلے ہی کھول دیئے گئے ہیں۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کیلئے احساس چھتری تلے متعدد پروگرام دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ احساس بلا سود قرضوں کے تحت گلگت بلتستان کے نو ضلعوں کیلئے اب تک ایک ارب چوبیس کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال گلگت بلتستان کے طلباء کو ایک ہزار ایک سو اٹھہتر وظائف جاری کئے جا چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں