وزیراعظم کی عید کے موقع پر مسلمانوں کو مبارک باد

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان نے عید الفطر کے موقع پر اہلیان وطن اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ رب العزت ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہم اس وقت کرونا وباء کی تیسری لہر سے نبردآزما ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

متعلقہ خبریں