وزیراعلیٰ سندھ کا آکسیجن کی پیداوار کو سپورٹ کرنےکا اعلان

CM Sindh

فوٹو: سماء ٹی وی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ہم ملک میں آکسیجن کی پیداوار کو سپورٹ کریں گے۔

پیر 17مئی کو وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کوویڈ صورتحال کے باعث آکسیجن کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، ڈی سی جامشورو کیپٹن فریدالدین اور سی ای او جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ سید تنویر جعفری شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ آکسیجن کی پیداوار کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور کمپنی میں پیدا کی گئی آکسیجن کا پی سی ایس آئی آر نے ٹیسٹ کیا ہے اور اپنی رپورٹ میں یہ آکسیجن میڈیکل استعمال کے لیے مناسب قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آکسیجن الیکٹرولیسس کے عمل سے پاور کمپنیاں تیار کر سکتی ہیں جبکہ دیگر پاور کمپنیاں بھی آکسیجن بنا کر ملک کی ہیلتھ کیئر ضروریات پوری کر سکتی ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے انتظامیہ کو متبادل انتظامات کا کہا جس پر صوبائی حکومت فوری طور پر آکسیجن سپلائی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا۔ بھارت میں جب کرونا کا جن بےقابو ہوا تو آکسیجن کی کمی ہوئی۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ضلع جامشورو نے متحرک کام کیا جس کے لیے ڈی سی نے پاور پلانٹس سے رابطہ کیا۔ جامشورو پاور کمپنی سے 2لاکھ 68ہزار لیٹر آکسیجن تيار ہو جائے گی جو کہ حیدرآباد اور جامشورو کے اسپتالوں کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ٹاسک فورس نے کہا این سی او سی نے بندشیں ہٹا کر غلطی کی اور این سی او سی میں اکثریت اُنکی ہے جو ہماری بات نہیں سنتے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ہم کرونا سے لڑنا چاہتے ہیں عوام سے نہیں اور کرونا کے معاملے پر پی ٹی آئی سے لڑنا نہيں چاہتے۔ عید کی چھٹیوں میں ہم کام کر رہے تھے اور یہ تنقید کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ این سی او سی کے مطابق کرونا سے ملک میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 74افراد انتقال کر گئے جس کے بعد مجموعی اموات 19ہزار 617 ہوگئيں۔

ملک میں کرونا کے 3ہزار232 نئے کيسز رپورٹ کیے گئے۔

متعلقہ خبریں