وفاقی کابینہ نے عید پر قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی تخفیف کی منظوری دے دی تاہم اس کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث افراد پر نہیں ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے میں سے بیشتر کی منظوری دیدی گئی، جن میں عید کے موقع پر معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی کمی کا معاملہ بھی شامل تھا۔
اجلاس میں کابینہ نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی غرض سے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کی سمری بھی منظور کرلی۔
علاوہ ازیں جن دیگر معاملات پر منظوری دی گئی، ان میں ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او کی تعیناتی، پروڈکشن کنٹرول ممبر کی تعیناتی اور این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر اعزازی سکے کے اجراء کا فیصلہ بھی شامل تھا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عید پر سزا میں تخفیف کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔
کابینہ نے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
متعلقہ خبریں