
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فلسطینی مسلمانوں کیلئے دعا کی جارہی ہے۔ فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان نے فلسطینیوں کیلئے امداد بھجوانے کا فیصلہ کرلیا۔ حکومت نے اسمبلی رکنیت سے متعلق آرڈیننس لانے کی بھی تیاری کرلی، 6 ماہ تک حلف نہ اٹھانے کی صورت میں نشست خالی تصور کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں غزہ میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر بھی بات ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے اسرائیلی بربریت کے شکار فلسطینی مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کرائی، حکومت نے مصیبت کی گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کیلئے امداد بھیجنے کا فیصلہ بھی کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں قراردادمنظور
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمدردی کی بنیاد پر فلسطین کو نا صرف کووڈ کے معاملے پر امداد بھیجیں گے بلکہ موجودہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورتحال پر بھی فلسطین کی مدد کریں گے۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپوزیشن کی مبہم پوزیشن کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا، اسمبلی رکنیت سے متعلق آرڈیننس لانے کا بھی اعلان کردیا۔
مزید جانیے: فلسطینی راکٹ حملے، اسرائیل کا دفاعی نظام پرکروڑوں ڈالر کاخرچ
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ بالخصوص انتخابی اصلاحات سے متعلق ناصرف غیرسنجیدہ ہے بلکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ صاف شفاف الیکشن پر یقین ہی نہیں رکھتے، ہم آرڈیننس لارہے ہیں کہ آپ 6 ماہ کے اندر حلف نہیں لیں گے تو آپ کی سیٹ خالی ہوگی۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فلسطین کے مسئلے پر روز اول سے امت مسلمہ کو قیادت فراہم کی، قائداعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پالیسی کی بنیاد رکھی اور اب عمران خان اس کے امین ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
متعلقہ خبریں