جمعرات 17 جون 2021 17:24
کویت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا کی سہولت بحال کرنے کے بعد طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا پانچواں گروپ کویت پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے سے اب تک 938 پاکستانی ہیلتھ کیئر ورکرز کویت جا چکے ہیں۔
کویت میں پاکستانی سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ 192 پاکستانی طبی عملے کے افراد پر مشتمل پانچواں گروپ کویت پہنچ گیا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ عامر سیال نے ایئر پورٹ پر پاکستانیوں کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں
علاوہ ازیں وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 192 پاکستانیوں کی پانچویں پرواز کے بعد کویت جانے والے طبی عملے کی مجموعی تعداد 938 ہو گئی ہے۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پاکستان اور کویت کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کا نتیجہ ہے، کورونا کے باوجود پاکستانی طبی عملے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
وزارت برائے سمندر پار پاکستانی نے ایک اور ٹویٹ میں کویت جانے والے پاکستانی طبی عملے کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
ٹویٹ میں گزشتہ چار گروپوں کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب تک 80 ڈاکٹر، 568 نرسیں اور 98 میڈیکل ٹیکنیشن کویت جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سکیورٹی کی مشکل صورتحال کی بنیاد پر 2011 میں کویت نے پاکستان، ایران، عراق، شام اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کر دی تھی۔
Just IN !
5th Flight with 192 Pakistani Medical professionals has departed for Kuwait, bringing the total to 938.
This is result of successful discussions between Pakistan & Kuwait opening up employment opportunities for Pakistani medics despite #covid. @sayedzbukhari pic.twitter.com/FLZTNlRm78— Ministry of Overseas Pakistanis & HRD (@mophrd) June 16, 2021