ویڈیو: لاہور میں ڈاکوؤں نے چینی شہری کو لوٹ لیا

پولیس کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

لاہور میں رائے ونڈ روڈ پر ڈاکوؤں نے چینی شہری سے 6 لاکھ روپے لوٹ لیئے، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ واقعہ 31 مئی پیر کو پیش آیا۔

پولیس کے مطابق رائے ونڈ روڈ پر چینی شہری 6 لاکھ روپے گاڑی میں لیکر جا رہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے رائے ونڈ روڈ کے قریب گاڑی کو زبردستی روک کر پیسوں سے بھرا بیگ نکال لیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے، جن کی تعداد 3 تھی۔ ایک ڈاکو کے پاس بندوق موجود تھی۔ واقعہ کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی تو پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچی، جس پر ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت کا عمل جاری ہے، تاہم دیگر 2 ڈاکو پیسوں سے بھرا بیگ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

فائرنگ سے چینی باشندہ اور اس کا ڈرائیور محفوظ رہے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ سی سی پی او کا کہنا ہے کہ قریبی عمارتوں پر لگے کیمروں سے بھی مدد لی جائے۔ ملزمان کو جلد ٹریس کرلیں گے۔

متعلقہ خبریں