اتوار 30 مئی 2021 10:20
امریکی ریاست ٹینیسی میں کورونا ویکسین کے بارے میں مہم چلانے والی ایک دکان کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹینیسی کے شہر نیشولے میں ایک ہَیٹ شاپ یا ٹوپیوں کی دکان نے زرد ستارے والے نشان کی شرٹ متعارف کراتے ہوئے لکھا کہ ’ویکسین نہیں لگوائی‘۔ اس نشان کو اس علامت جیسا قرار دیا گیا جو نازی جرمنی میں یہودیوں کے لیے پہننا لازمی تھا۔
ویکسین کے بارے میں ثقافتی جنگ کے حوالے سے یہ امریکہ میں تازہ ترین واقعہ ہے جہاں دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔
مزید پڑھیں
ہَیٹ بنانے والی امریکہ کی بڑی کمپنی سٹیٹسن نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ وہ نیشولے کی دکان ’ہیٹ ڈبلیو آر کے ایس‘ کے ساتھ مزید کاروبار نہیں کرے گی۔
جمعے کو دکان کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں کاروبار کی مالک خاتون نے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر زرد رنگ میں ستارہ داؤد بنا ہوا تھا۔ اس کے ساتھ پیغام درج تھا کہ ’ویکسین نہیں لگوائی‘۔
اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور احتجاج کے بعد ’ہیٹ ڈبلیو آر کے ایس‘ نے تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کر دی۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’آپ کے نازی سٹار بیجز انتہائی مشتعل کرنے والے ہیں اور یہ میری زندگی میں دیکھے گئے سب سے زیادہ اینٹی سیمیٹک ہیں۔‘
فیس بک اور انسٹاگرام پر صارفین نے دکان کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے ’نفرت کا کام‘ ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

دنیا کے کئی ملکوں میں کورونا ویکسین کے حوالے سے ایک طبقہ خدشات و تحفظات کا اظہار کرتا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز