ٹیسٹ چیمپیئن شپ: فائنل جیتنے کے لیے نیوزی لینڈ کو 120 رنز درکار

بدھ 23 جون 2021 17:46

انڈیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن میں جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل جیتنے کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میچ کے آخری دن تیسرے سیشن میں مزید 120 رنز درکار ہیں اور اس کی تمام دس وکٹیں باقی ہیں۔
چائے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے آٹھ اوورز میں 19 بنائے ہیں۔ نیوزی لینڈ کو آخری اننگز میں میچ جیتنے کے لیے 139 رنز کا ہدف ملا ہے۔
مزید پڑھیں
اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم میچ کی دوسری اننگز میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انڈیا کی جانب سے رشبھ پنت نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 41 رنز سکور کیے جبکہ اوپنر روہت شرما نے 30 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سودھی نے چار اور ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ کو ریفری نے چھ دن کے لیے بڑھا دیا تھا۔
انڈیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے پہلی اننگز میں انڈیا کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز سکور کیے تھے جن میں کانوے نے 54 جبکہ کپتان ولیمسن نے 49 رنز کی اننگز کھیلیں۔