ٹی20 ورلڈکپ بھارت سے یو اے ای منتقل، رپورٹ

کرک انفو کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ء بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم فی الحال بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی) نے محدود طرز کے میگا ایونٹ کی منتقلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ نہیں کیا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 17 اکتوبر 2021ء سے بھارت میں ہونا تھا، تاہم کرکٹ کی ویب سائٹ ‘ای ایس پی این کرک انفو’ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 16 بین الاقوامی ٹیموں کے میگا ٹورنامنٹ کا آغاز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کے 2 روز بعد متحدہ عرب امارات میں ہو گا، آئی پی ایل فائنل 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

کرک انفو کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کا پہلا راؤنڈ 2 گروپس پر مشتمل ہوگا جو متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جائے گا، راؤنڈ ون میں بنگلادیش، سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان 12 میچز ہوں گے، جن میں سے 4 ٹاپ ٹیمیں سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، جس میں یہ ٹیمیں ٹی 20 رینکنگ کی ٹاپ 8 ٹیموں کے ساتھ ٹکرائیں گی۔

سپر 12 مرحلے کا آغاز 24 اکتوبر سے ہوگا، جس میں 30 میچز کھیلے جائیں گے، اس مرحلے میں 6، 6 ٹیموں پر مشتمل 2 گروپس ہوں گے، جن کے درمیان دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں مقابلے ہوں گے، بعد ازاں ٹی 20 ورلڈکپ 2021ء میں 3 پلے آف، 2 سیمی فائنل اور 14 نومبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔

کرک انفو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی نے یکم جون کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کہاں کھیلا جائے گا، اس حوالے سے رواں ماہ کے آخر تک حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کی شدت سے پھیلتی وباء کے پیش نظر 4 مئی کو آئی پی ایل ملتوی کردیا گیا تھا، گزشتہ ماہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا۔

متعلقہ خبریں