پاکستان تحریک انصاف کے بجٹ اعدادو شمارپربھروسہ نہيں،محمدزبیر

ایسا مضحکہ خیز بجٹ میں نے پہلےنہیں دیکھا

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبير نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بجٹ اعداد و شمار پر بھروسہ نہيں ہے۔

نوازشريف اور مريم نواز کے ترجمان محمد زبير نے کراچی ميں پريس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جب سے پی ٹی آئی مسلط ہوئی ہے یہ چوتھا بجٹ ہے اور چوتھےوزیرخزانہ نے یہ بجٹ پیش کیا ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ شوکت ترین جیسے پیش کررہےتھے اس سے ایسا لگا کہ یہ پہلا بجٹ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا مضحکہ خیز بجٹ میں نے پہلےنہیں دیکھا اور بجٹ ميں جو نمبر بتائے گئے وہ جھوٹے ہيں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شوکت ترين نے150 ارب روپے کےٹيکس واپس لئے ہیں لیکن  انھوں نے يہ نہيں بتايا کہ وہ ٹیکس خسارا کہاں سے پورا کرينگے۔ شوکت ترين فارن منسٹر زيادہ ہيں اور وزيرخزانہ کم ہيں اور ان کے بجٹ کا دارومدار بيرون ممالک پر ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ سب بھول گئے۔عمران خان نے کہا تھا کہ چہرے نہیں نظام بدلوں گا، انھوں نے آج نظام کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ  مرجاؤں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا اور یہ بھی بھول گئے۔

متعلقہ خبریں