متحدہ عرب امارات نے یکم اگست سے پاکستان سے سفر کرنے والوں کے لیے پاکستانی وزارت خارجہ اور اماراتی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی ساتھ لانے کی شرط عائد کر دی ہے۔
سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو بھی اس شرط سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں
اس حوالے سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے وزارت خارجہ کو ایک خط کے ذریعے اماراتی حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب اس خط میں سفارت خانے نے کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے امارات کا سفر کرنے والوں کے لیے نئی ہدایات کے مطابق مسافروں کو یکم اگست 2021 سے وزارت خارجہ اور اماراتی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا ہوگا۔‘
خط کے متن کے مطابق ’سفر کے ارادے سے قبل نادرا کی جانب سے جاری کیے گئے سرٹیفکیٹ کی وزارت خارجہ اور سفارت خانے سے تصدیق کروانا لازمی ہوگی۔‘
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ شرط عام پاسپورٹ ہولڈرز کے ساتھ ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں پر بھی عائد ہوگی۔
اماراتی سفارت خانے کے ترجمان نے اس خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ اماراتی حکومت نے کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیا ہے۔ جو پاکستانی شہری امارات کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے وزارت خارجہ کے قونصلر افیئرز سیکشن سے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کروائیں گے۔ اس کے بعد انہیں ساشا یا اعتماد کے ذریعے سرٹیفکیٹ اماراتی سفارت خانے بھیجنا ہوگا اور سفارت خانہ اس کی تصدیق کرکے واپس بھیجے گا۔‘

اماراتی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ اماراتی حکومت نے کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیا ہے۔‘ فوٹو: ان سپلیش