پاکستان میں چند روز کے دوران بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور حبس بڑھنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلےکی پیش گوئی کی ہے۔

سماء کے پروگرام نیا دن میں بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے افسر جواد میمن نے بتایا کہ پیر کو کراچی کا موسم ابر آلود رہے گا اور دھوپ نہ ہونے کے برابر رہے گی۔ سمندری ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے اور کچھ علاقوں میں ہلکی پھوار بھی پڑسکتی ہے۔ کراچی میں رات کو اور الصبح گہرے بادل چھائے رہیں گے اور چند دنوں تک درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور حبس بڑھنے کا امکان ہے۔کراچی سے متعلق انھوں نے یہ بھی کہا کہ شہر میں 18 سے 20 تاریخ تک بارشوں اور آندھی آنے کا امکان ہے۔

پری مون سون سیزن سے متعلق انھوں نے کہا کہ پری مون سیزن تین سسٹم کا مجموعہ ہے۔ بحرِ عرب سے سندھ کے علاقوں کی طرف بادلوں کا نظام بڑھے گا جن میں کراچی بھی شامل ہے۔ بنگال کی طرف بھی بارش برسانےوالا طاقتور نظام موجود ہے جو پاکستان کی طرح بڑھے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بھی بارشیں برسانے والا نظام موجود ہوگا۔ جون کے آخری ہفتے میں بارشوں کا نظام فعال ہوجائے گا۔

پنجاب سے میدانی علاقوں سے متعلق انھوں نے بتایا کہ آنے والے چند ہفتوں تک موسم خوشگوار رہے گا اور بارشیں ہوتی رہیں گی۔

جاوید میمن نے کہا کہ پچھلے سال غیرمعمولی بارشیں ہوئی ہیں تاہم اس بار پیش گوئی کی گئی ہے کہ کافی حد تک بارشیں معمول سے تھوڑی زیادہ ہونگی۔

بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اور آندھی آنے کا امکان بھی ہے۔ دن میں گرمی رہنے اور رات میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں