پاکستان میں چین کی کین سائنو ویکسین کی تیاری شروع

پیر 24 مئی 2021 21:43

فیصل سلطان کے مطابق یاکستان میں کین سائنو ویکیسن کی تیاری کورونا ویکسین کی  فراہمی میں ایک اہم قدم ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان میں چین کی کورونا ویکسین کین سائنو کی تیاری اور پیکنگ شروع کر دی گئی ہے۔
سوموار کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری اور پیکنگ کی شروعات کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی ٹیم کو مبارکباد دے دی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ این آئی ایچ پاکستان کی ٹیم کین سائنو بائیو چائنہ کی مدد سے پاکستان میں  کین سائنو ویکسین کی کامیاب فارمولیشن اور پیکنگ پر مبارک باد کے مستحق ہے۔ 
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ویکیسن کو تیاری سے پہلے معیار یقینی بنانے کے لیے سخت ٹیسٹنگ سے گزار گیا ہے۔
فیصل سلطان کے مطابق یاکستان میں کین سائنو ویکیسن کی تیاری کورونا ویکسین کی  فراہمی میں ایک اہم قدم ہے۔
پاکستان میں تیار کردہ ویکیسن کا نام پاک ویک رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کین سائنو ویکسین کی فارمولیشن اور پیکنگ کا خام مال چین سے خریدا گیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین ٹوئٹر پر مختلف ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
بعض نے اسے کورونا ویکسین کے خلاف جنگ میں اہم اقدام قرار دے کر ڈاکٹر فیصل سلطان اور حکومت کو مبارک باد دے ڈالا تو بعض ایسے بھی تھے کہ انہوں نے اس کے معیار اور بین الاقوامی سفر کے لیے اس کی قبولیت پر سوالات اٹھاتے نظر آئے۔ 

شیرکوہ مزاری نامی صارٖف نے پوچھا کہ کیا یہ ویکسین بیرون ملک قابل قبول ہوگا؟ کیا اس کے لگانے سے بیرون ملک سفر میں مدد ملے گی؟
احسان نامی صارف نے چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ  چین کے شہر ووہان میں وبا کی شروعات کے وقت حکومت پاکستان کی جانب سے ادویات اور دوسری چیزیں چین بھیجے پر بعض افراد نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ چین نے جتنا امداد وصول کیا اس سے کئی گنا زیادہ واپس کر دیا ہے۔
ڈاکٹر شہزاد خان راہی نامی صارف نے لکھا ’ مبارک باد اس مشکل وقت میں یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔‘