پاکستان میں کروناکی شرح 3فیصد سےبڑھ گئی،76افراد جاں بحق

فوٹو: آن لائن

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 76 افراد انتقال کرگئے، مجموعی اموات 21 ہزار 529 ہوگئيں۔ کرونا کيسز کی شرح دو روز بعد پھر 3.1 فيصد ہوگئی۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 37ہزار434 ہے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 44 ہزار 236 ہے اور8 لاکھ 71 ہزار669 افراد کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کرونا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار436 افراد جاں بحق ہوئے۔ اسی طرح سندھ میں 5 ہزار183، خیبرپختونخوا 4 ہزار185، اسلام آباد 768، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 291 اور آزاد کشمیر میں 559 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کرونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 19 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جاچکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام ترعمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔