پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور صوبہ سندھ میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کورونا کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں تین ہزار 60 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران ہلاکتوں کی تعداد 57 رہی۔
صوبہ سندھ میں مئی کی نو تاریخ سے 22 کے دوران 16 ہزار 450 نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔
مزید پڑھیں
حکام کے مطابق سندھ میں گذشتہ ہفتے ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے جس میں کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13.60 فیصد جبکہ حیدر آباد کی 10 اعشاریہ 76 فیصد رہی۔ پورے صوبے کے مثبت کیسز کی شرح 8.37 فیصد ہے۔
کورونا سے سندھ میں ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 920 ہے۔
گزشتہ روز سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عیدالفطر کے بعد سندھ بالخصوص کراچی میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب پابندیاں مزید دو ہفتے تک برقرار رہیں گی۔
ادھر این سی او سی کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

سندھ میں حکام نے کہا ہے کہ عید کے بعد کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی