پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح دو فیصد، ڈیڑھ کروڑ افراد کی ویکسینیشن

پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں وائرس کے مثبت کیسز کی شرح گر کر دو فیصد پر آ گئی ہے۔
اتوار کی صبح جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 44 ہزار 544 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 901 مثبت آئے۔
پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا سے اموات کی تعداد 235 رہی جبکہ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 22 ہزار 211 افراد عالمی وبا کے باعث جان سے گئے۔
مزید پڑھیں
ملک میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 32 ہزار 241 ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں یومیہ تین لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے اور اب تک ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

سفری پابندیوں میں نرمی

وائرس کے پھیلاؤ میں کمی اور صورتحال میں بہتری پر پاکستان نے یکم جولائی سے برطانیہ، کینیڈا، یورپ، چین اور ملائیشیا سے براہ راست پروازوں میں 40 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنیچر کی رات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بین الاقوامی ہوائی سفر کی پالیسی پر نظرثانی کی گئی۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق دنیا کے مختلف خطوں میں کورونا کی صورتحال میں مجموعی بہتری اور ملک میں وبا کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے بین الاقوامی پروازوں کو مرحلہ وار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 32 ہزار 241 ہے۔ فوٹو: روئٹرز
این سی او سی نے پاکستان آنے والے کورونا منفی مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے والے کورونا مثبت مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔