پاکستان میں گرمی کا زور کب ٹوٹے گا؟

بدھ 9 جون 2021 15:18

محکمہ موسمیات نے کچھ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

شدید گرمی کا سامنا کرتے پاکستان میں جمعہ سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بدھ کے روز محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ خبر میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز شام یا رات کے وقت بحریہ عرب سے مرطوب ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو گا۔
مزید پڑھیں
ان مرطوب ہواؤں کے باعث جمعہ کی شام یا رات سے پیر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکول، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارروال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں استور، گرمنگ، گھانچی اور شکر جب کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی جمعہ سے پیر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
آئندہ چند روز میں موسمیاتی اتار چڑھاؤ کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، بارکھان، موسی خیل اور ژوب میں آندھی اور گرم چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسمی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، البتہ ہفتہ اور اتوار کے روز آندھی اور تیز بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔