نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے سربراہ اسد عمر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار منگل کو 2 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔
بدھ کی صبح اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کےلیے رجسٹریشن کروانے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اب تک رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد اپنی رجسٹریشن کروالیں اور حفاظتی اقدامات کا بھی خیال رکھیں۔
الحمد للہ ایک دن میں ویکسین لگنے کی تعداد کل 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی. لوگوں کے ریجسٹر کرنے کے رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب تک رجسٹر کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے. اگر 40 سال یا اس سے زیادہ عمر ہے تو جلد رجسٹر کریں. اور ساتھ میں حفاظتی اقدامات جاری رکھیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 5, 2021
بدھ کو این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 1 دن میں مزید 119 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ان میں سے 38 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔24 گھنٹوں میں 4 ہزار 113 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.17 فیصد ہے۔
این سی او سی کےمطابق کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 58 اموات اور خیبرپختونخوا میں 43 اموات ہوئیں۔ سندھ 9 ، اسلام آباد 5 اور آزاد کشمیر میں 4 اموات ہوئیں۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 18 ہزار 429 ہوگئی ہے۔
این سی او سی نےبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 838 ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد84 ہزار 480 ہے۔وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 38 ہزار727 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 636 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 631 مختلف اسپتالوں میں 5 ہزار 741 مریض زیرِعلاج ہیں۔مردان میں 59 فیصد،ملتان میں 77 فیصد، لاہور میں 69 فیصد، بہاولپورمیں 58 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔ گوجرانوالہ میں 55 فیصد، پشاور 62 فیصد، سوات میں 57 فیصد اور صوابی میں 67 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔
متعلقہ خبریں